انقرہ:17/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے شام کے جنگ زدہ علاقے حلب میں محصورین، باغیوں اور ان کے خاندان کے افراد کے محفوظ مقامات کی طرف انخلاء کے حوالے سے طے پائے معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی حلب کے پناہ گزینوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ ترک صدر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنی متعدد ٹویٹس میں کہا کہ مشرقی حلب کی کالونیوں میں محصور شامی شہریوں کے انخلاء کے لیے فریقین میں جو معاہدہ طے پایا ہے اس کی پاسداری اور احترام تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری حلب میں محصور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچنے میں ان کی مدد کرے اور جنگ بندی معاہدے کو ہرصورت میں یقینی بنایا جائے۔ترک صدر کاکہنا تھا کہ حلب میں شہریوں کے اں خلاء کا معاہدہ اور جنگ بندی اس لیے کی گئی تاکہ وہاں پر پھنسے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
ادھر جمعہ کے روز ترک حکام نے بتایا کہ ترکی نے شام کے اندر ہی حلب کے پناہ گزینوں کو ٹھہرانے کے لیے ایک کیمپ قائم کرنے کا کام شروع کردیا ہے تاہم حلب سے لائے جانے والے زخمیوں اور مریضوں کا ترکی کے اسپتالوں میں علاج کرایا جائے گا۔جمعہ کے روز دو ترک عہدیداروں نے بتایا کہ ترکی کی سرحد سے ساڑھے تین کلو میٹر اندر دو الگ الگ مقامات پر کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں جن میں 80ہزار پناہ گزینوں کو ٹھہرانے کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔ترکی کے سرکاری امدادی ادارے کے ایک عہدیدار نے ٹیلیفون پر بتایا کہ حلب کے شہریوں کے لیے پناہ گزین کیمپ کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کا کام جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حلب سے آنے والے شہریوں کی مدد کے لیے ترک ہلال احمر، شعبہ حادثات اور انسانی حقوق اور ریلیف کے شعبے میں کام کرنے والے دیگر ادارے پناہ گزینوں کے استقبال میں پیش پیش ہوں گے۔ترکی کو توقع ہے کہ بشار الاسد اور روس کے ساتھ طے پائے معاہدے کے تحت حلب کے 8ہزار جنگجو اور ہزاروں عام شہری محفوظ مقامات تک منتقل ہوجائیں گے۔
قبل ازیں ترکی میں محکمہ صحت کے زیراہتمام ایمرجنسی سروسز کے چیئرمین حسن ایدنلیک نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ حلب سے 55زخمیوں اورمریضوں کو علاج کے لیے ترکی پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے جیلوہ غوزو گذرگاہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حلب سے لائے گئے زخمیوں میں سے ایک شخص اسپتال پہنچنے سیقبل ہی دم توڑ گیا جب کہ ایک بچے سمیت چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔